قبائلی رسم ورواج کے مطابق نئے نظام کے نفاذ کو عمل میں لایا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی رسم ورواج کے مطابق نئے نظام کے نفاذ کو عمل میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قبائلی علاقوں کے انضمام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں قبائلی علاقوں کے انضمام کے حوالے سے پیشرفت، انتظامی وقانونی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فاٹا انضمام اور قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گیے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی رسم ورواج کے مطابق نئے نظام کے نفاذ کو عمل میں لایا جائے گا اور نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت یقینی بنائی جائے گی۔

عمران خان نے نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے مواقع یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیال رہے انتظامی اقدامات سے کوئی فرد بے روزگار نہ ہو۔ قبائلیوں کے لیے اسکول، کالجز، یونیورسٹیز میں مختص کوٹہ متاثر نہ ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ نظام رائج کرنے کے لیے کوشش تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ صحت، تعلیم، بچیوں کے اسکولز کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  فوری، سستے انصاف کی فراہمی کے لیے جلداز جلد طریقہ کا روضع کیا جائے۔