وزیراعظم کی زیرصدارت 50 لاکھ گھر بنانے کے پروگرام کا اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک بھر میں 50 لاکھ  گھر بنانے کے پروگرام کا اجلاس ہوا۔ جس میں آئندہ دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں سیکریٹری ہاؤسنگ کی گھروں کی سالانہ طلب اور اس سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی جبکہ سیکریٹری ہاؤسنگ نے اراضی کے حصول، سرمایہ کاری سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اہم ایجنڈا ہے اور حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ منصوبے سے نہ صرف رہائش کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ روزگار بڑھے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر منصوبے سے ہاؤسنگ سیکٹر اور منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی جبکہ سرکاری عمارتوں اور املاک کی زمین کو بروئے کارلاکر خاطر خواہ وسائل اکٹھے کرسکتے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 لاکھ گھر پروگرام کی وزیراعظم عمران خان خود نگرانی کریں گے اور کمیٹی آئندہ 2 ہفتے میں سفارشات پیش کرے تاکہ پروگرام کا اعلان کیا جاسکے۔