وزیراعظم عمران خان کا وفاقی وزراء کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ

راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں ان کو ملک میں جاری پاک فوج کے مختلف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

فوج کی جانب سے وزیر اعظم عمران کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز ، ملکی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال ، دفاع امور، آپریشن ردالفساد،کراچی کی صورتحال،خوشحال بلوچستان پروگرام اور سیکیورٹی چیلجنز سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے نےدہشت گردی کےخلاف پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کو تمام وسائل فراہم کیےجائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامناہے۔ ہم قوم کےتعاون اورقومی حکمت عملی سے چیلنجزپرقابوپالیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

مذکورہ دورے میں وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر پرویز خٹک سمیت دیگر وزراء موجود تھے۔