نئے صوبے کے نعرے پرسیاست کرنے والے ناکام ہوچکے ہیں،نوازشریف

لاہور: سابق وزیرا عظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئے صوبے کے نعرے پرسیاست کرنے والے ناکام ہوچکے ہیں۔ جنوبی پنجاب سے جو لوگ پارٹی چھوڑ گئے ان کو ن لیگ سے خاص وابستگی نہیں تھی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کا مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف کی کارکردگی کےباعث پنجاب میں ن لیگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے10سالوں میں پنجاب میں بہت کام ہوئے۔ بالخصوص جنوبی پنجاب میں شہبازشریف کےکام قابل قدرہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلےکبھی اتنےکام نہیں ہوئے۔  یونیورسٹیز،کالجز،اسپتال نہ صرف شہربلکہ دیہات میں بھی بنائے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ قیاس آرائی کی جارہی تھی جنوبی پنجاب سے کئی لوگ چھوڑجائیں گے۔ جوچھوڑگئے ان کو ن لیگ سے خاص وابستگی نہیں تھی جب کہ نئےصوبے کے نعرے پرسیاست کرنےوالے ناکام ہوچکے ہیں۔

سابق وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ٹوٹنے کی باتیں کرنےوالےبھی بے نقاب ہوچکے ہیں اور یہ تمام سازشیں شہبازشریف کےاعلیٰ معیارکی وجہ سےناکام ہوئیں ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں ایک یا2ماہ تاخیرنظرآرہی ہے،جسےہم ہونےنہیں دیں گے۔