تحریک انصاف کا 100روزہ ایجنڈا، ن لیگ جواب دینے کیلئے تیار

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے 100 روزہ ایجنڈے کا جواب مسلم لیگ ن آج دےگی۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پنجاب ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وقاقی وزیرداخلہ احسن اقبال اور سردار اویس لغاری دوپہر3 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔

پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 100 روزہ حکومتی ایجنڈے کا جواب دے گی۔ تاہم ہارون اختر اور ملک احمد خان بھی پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں تحریک انصاف کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنما نے تحریک انصاف کے حکومت بنانے کی صورت میں 100 دن کا پلان پیش کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کا 100 روزہ ایجنڈا 

پاکستان تحریک انصاف کی جانب جاری کردہ 100 روزہ ایجنڈے میں کہا گیا کہ پہلے فاٹا کو اس کا حق دلائیں گے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کریں گے۔

جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے منصوبے کوعملی جامہ پہنانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا،کراچی کو بھی ٹھیک کرنے کا پلان 100دن کے منصوبے میں شامل کیا گیا۔

پنجاب کے 2صوبے بنانے اور بلوچستان کے ناراض لوگوں کو منانے کا ٹاسک بھی اس پلان میں شامل کیا گیا۔

 پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ منشور کچھ نہیں ہوتا، پیچھے سیاسی ول ہوتی ہے۔ میری حکومت بھی چلی جائے لیکن 100 دن کے پلان پر عملدرآمد کروں گا۔ انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، قانون سب کیلئے برابر اور رحم ہوتا ہے۔ اقتدار کے ابتدائی 100 روز ہماری پارٹی کے نظریات کی عکاسی کریں گے۔ پارٹی کا نظریہ وہی ہے جو پاکستان بنانے والوں کا نظریہ تھا۔