پی پی 30 ضمنی انتخاب: ن لیگ کےحمایت یافتہ امیدوار یاسرظفرسندھو کامیاب

سرگودھا: سرگودھا کہ پی پی 30 ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کےحمایت یافتہ امیدوار یاسرظفرسندھو 42 ہزار736 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق حلقہ پی پی 30 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جن کے مطابق ن لیگ کےحمایت یافتہ یاسرظفرسندھو42ہزار736ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی کے راؤ ساجد 23 ہزار 586 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کی رہنما مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جماعت،شیرکانشان چھین کربھی ن لیگ کی شاندارفتح کوناروکا جاسکا۔

حلقہ پی پی 30 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا جو کہ بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا تھا۔

حلقہ پی پی 30 میں مسلم لیگ ن کے یاسر ظفر اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راؤساجد محمود کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

حلقہ پی پی 30 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 919 ہے جن میں 98 ہزار 145 مرد جبکہ 75 ہزار 774 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پولنگ اور سیکورٹی پلان کے تحت پولنگ عملے میں 137 پرائزئیڈنگ آفیسر، 417 اسسٹنٹ پرائزئیڈنگ آفیسر کے ساتھ 834 پولنگ آفیسر جبکہ پولیس ڈیوٹی میں 5 ڈی ایس پی، 60 انسپکٹرز کے علاوہ ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے میں137 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے جن میں سے 19 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے کر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ رواں سال 8 جنوری کو مسلم لیگ ن کے اپم پی اے چودھری طاہرسندھو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے، ان کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔