سرگودھا کےحلقہ پی پی 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز

سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کے حلقہ پی پی 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 30 میں مسلم لیگ ن کے یاسر ظفر اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راؤساجد محمود مدمقابل ہیں۔

حلقہ پی پی 30 میں ایک لاکھ 73 ہزار 919 افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 98 ہزار 145 مرد جبکہ 75 ہزار 774 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پولنگ اور سیکورٹی پلان کے تحت پولنگ عملے میں 137 پرائزئیڈنگ آفیسر، 417 اسسٹنٹ پرائزئیڈنگ آفیسر کے ساتھ 834 پولنگ آفیسر جبکہ پولیس ڈیوٹی میں 5 ڈی ایس پی، 60 انسپکٹرز کے علاوہ ایک ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے میں137 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے ہیں جن میں سے 19 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے کر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال 8 جنوری کو مسلم لیگ ن کے اپم پی اے چودھری طاہرسندھو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے، ان کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔