نومنتخب صدر عارف علوی کی پہلے غیرملکی وفد سے ملاقات

اسلام آباد: پاکستان کے تیرہویں نومنتخب صدر عارف علوی نے عہدے کا حلف اٹھانے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد پاکستان کے دورے پر آئے اعلی حکام پر مشتمل چینی وفد سے ملاقات کی ۔

ایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور اپنی قیادت کی جانب سے نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کاپیغام پہنچایا۔

صدرمملکت عارف علوی سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ توقع ہے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات  اور اسٹریٹجک شراکت داری مزیدفروغ پائے گی۔

صدر مملکت عارف علوی نے نیک تمناؤں کے اظہارپرچینی قیادت کاشکریہ اداکیا اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لےجانے،  سی پیک منصوبوں پرعمل درآمد کےعزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر چینی ہم منصب شی چن پنگ کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹرعارف علوی نے13ویں صدرپاکستان کی حیثیت سےحلف اٹھایا۔ ان کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان ، جسٹس ثاقب نثار نے ان سے صدر کے عہدے کا حلف لیا۔

نومنتخب صدر عارف علوی کو تقریب حلف برداری کے بعد تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے ایوان صدر میں سلامی پیش کی گئی۔ انہوں نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیا۔

اس کے بعد صدرمملکت عارف علوی سے ایوان صدر کے عملے کا تعارف کرایا گیا ۔ اس موقع پر نومنتخب صدر نے فرداًفرداً عملے کے افراد سے مصافحہ کیا ۔