ایوان صدر میں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے کی نومنتخب صدر کو سلامی

اسلام آباد: نومنتخب صدر عارف علوی کو ایوان صدر پہنچنے پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹرعارف علوی نے13ویں صدرپاکستان کی حیثیت سےحلف اٹھالیا۔ ان کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان ، جسٹس ثاقب نثار نے ان سے صدر کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد عارف علوی نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے بعدممنون حسین کی 5 سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات موجود تھے۔

صدر کی تقریب حلف برداری میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی شامل تھے۔

نومنتخب صدر عارف علوی کو تقریب حلف برداری کے بعد تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔ انہوں نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیا۔

اس کے بعد صدرمملکت عارف علوی سے ایوان صدر کے عملے کا تعارف کرایا گیا ۔ اس موقع پر نومنتخب صدر نے فرداًفرداً عملے کے افراد سے مصافحہ کیا ۔