صدر ممنون حسین کے اعزاز میں الوداعی گارڈ  آف آنر

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کو پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے پر ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدر مملکت ممنون حسین کو ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب کے دوران مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ خاکی شلوار قمیص اور چارکول واسکٹ میں ملبوس سبکدوش ہونے والے صدر مملکت نے گارڈ آف آنر کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے عملے سے ملاقات کی اور کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔ اس کے بعد ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہوگئے۔

ممنون حسین نے 9 ستمبر 2013 کو صدر مملکت کا منصب سنبھالا تھا۔ نئے منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کل ایک تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ان سے حلق لیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے انتخابی کالج میں تین سو باون ووٹ حاصل کرکے منگل کو صدارتی انتخاب جیتا تھا۔