پی ایس ایل تھری کا میلہ دبئی میں آج سجے گا

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا میلہ دبئی میں آج سجے گا اور ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں فنکار اپناجادو جگائیں گے۔ ستاروں کی کہکشاں دبئی میں رنگ جمانے کو بے تاب ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا آغاز آج سے دبئی میں ہوگا۔ افتتاحی میچ سے پہلے رنگارنگ تقریب منعقدہو گی جس میں پاکستانی فنکار بالخصوص عابدہ پروین اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ ایونٹ کے افتتاحی تقریب میں معروف سنگر علی ظفر، شہزاد رائے ، ایکٹر بلال اشرف اور حریم فاروقی بھی شائقین کرکٹ کے لیے پرفارم کریں گے۔

پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلے مرتبہ حصہ لینے والی ٹیم ملتان سلطانز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائے گا۔

پشاور زلمی کی ٹیم کی قیادت ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز پلئیر اور سابق کپتان ڈیرن سیمی کریں گے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

پاکستان سپر لیگ کا جادو نہ صرف پاکستان کی شائقین کرکٹ تک محدود نہیں ہے بلکہ سرحد پار رہنے والے بھارتی عوام بھی اس کے بخار میں مبتلا ہیں اور پہلی مرتبہ بھارت میں براہ راست پی ایس ایل تھری کے تمام میچز دکھائیں جائیں گے جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔