پی ایس ایل 3: کراچی کنگز کے ہاتھوں ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست

دبئی: پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔ شاہد آفریدی کو بہترین باؤلنگ کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا 22واں میچ کھیلا گیا۔ جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 188 رنز بناکر ملتان سلطانز کو 189 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہدف کے تعاقب میں کمار سنگارا اور احمد شہزاد نے اننگ کا آغاز کیا۔ ٹیم کو اچھی شروعات دی 41 رنز کے مجموعی اسکور پر کمار سنگارا 18 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ صہیب مقصود کی گری جو 11 رنز بناکر عثمان خان شنواری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک الیون کا تیسرا نقصان احمد شہزاد کا ہوا جو 24 رنز بناکر کپتان عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک الیون کا چوتھا نقصان کیرن پولارڈ کا ہوا جو 3 رنز بناکر شاہد آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ ملتان کی پانچویں وکٹ سیف بدر کی گری جو 13 رنز بناکر شاہد آفیدی کا شکار ہوئے۔

ملتان سلطانز کی چھٹی وکٹ کپتان شعیب ملک کی گری جو 6 رنز بناکر شاہد آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز ہارڈس ولجیون تھے 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک الیون کا آٹھواں نقصان عمران طاہر کا ہوا جو 2 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ملطان کی نویں وکٹ جنید خان کی گری جو 1 رن بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آخری وکٹ محمد عرفان کی گری جو 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگ کا آغاز لینڈل سمنز اور جوئی ڈینلی نے کیا۔ لیکن 21 رنز کے مجموعی اسکور پر لینڈل سمنز 4 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور جوئی ڈینلی کا ساتھ چھوڑ گئے۔

عماد الیون کی دوسری وکٹ جوئی ڈینلی کی گری جو 78 رنز بناکر ہارڈس ولجیون کی گیند پر عمران طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کراچی کا تیسرا نقصان بابر اعظم کا ہوا جو 58 رنز بناکر ہارڈس ولجیون کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا ٹاس جیت کر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے روس وائیٹلی کی جگہ ٹیم میں ہارڈس ولجیون کو شامل کیا گیا ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ عماد الیون میں بھی ایک تبدیلی کی گئی سے وائس کی جگہ ٹیم میں لینڈل سمنز کو جگہ دی گئی ہے۔

ملتان سلطانز اسکوارڈ

ملتان سلطانز کے اسکوارڈ میں شعیب ملک (کپتان)، احمد شہزاد، کمار سنگارا، صہیب مقصود، کیرن پولارڈ، جنید خان ، سہیل تنویر، محمد عرفان، عمران طاہر، ہارڈس ولجیون اور سیف بدر شامل تھے۔

کراچی کنگز اسکوارڈ

کراچی کنگز کے اسکوارڈ میں عماد وسیم (کپتان) ، عثمان خان شنواری،محمد عامر ، جوئی ڈینلی، بابر اعظم، کولن انگرام، راوی بوپارا، شاہد آفریدی، محمد رضوان، محمد عرفان اور لینڈل سمنز، شامل تھے۔

پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ کراچی کنگز 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ  تیسرے ، کوئٹہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔