تحریک انصاف بوکھلاہٹ کا شکار ہے، دانیال عزیز

اسلام آباد: ن لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کل نعیم الحق نے طے شدہ حرکت کی، ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ وہ ہاتھ اٹھاتے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائ نجکاری دانیال عزیز نے کہا کہ تمام ترسپورٹ کےباوجودتحریک انصاف بوکھلاہٹ کاشکارہے، ان کےاندرلڑائیاں بڑھتی جارہی ہیں،نہ ہی کوئی تنظیم ہے۔  جب میں نشاندہی کرتاہوں تویہ حواس باختہ ہوجاتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن کا پلان پاکستان کو تباہی کی طرف لے جانے، سڈن ڈیتھ سنڈروم بنانے کا پلان ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے 100 دن کے ایجنڈے میں ایک خفیہ راز ہے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ سیاہی پھینکنا،جوتے مارنا،احسن اقبال کو گولی لگی،یہ ایک کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز  نجی ٹی وی کے پروگرام میں تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے ن لیگی رہنما دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا۔

دانیال عزیز نے نعیم الحق کو شو کے دوران چور کہا تھا جو ان سے برداشت نہیں ہوا اور انہوں نے دانیال عزیز کے منہ پر تھپڑ رسید کردی۔ پروگرام کے میزبان نے دونوں رہنماؤں کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا۔