عمران اسماعیل اسمبلی رکنیت سے مستعفی،آج گورنر سندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

کراچی: نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، عمران اسماعیل آج سندھ کے 33 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب آج شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ عمران اسماعیل سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان، تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان صوبائی اسمبلی شرکت کریں گے۔

بعدازاں عمران اسماعیل حلف اٹھانے کے بعد گورنر کی حیثیت سے 28 اگست کو مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

 دوسری جانب نامزد گورنرعمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری اسمبلی کوبھجوا دیا۔جو رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے سیکریٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع کرایا۔