پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس: عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ

اسلام آباد :انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 2014 کے دھرنوں کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وکیل بابراعوان نے عمران خان کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم ایک سے زیادہ ہوں تو شریک ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ مل سکتا ہے۔ وکیل استغاثہ نے بھی بابراعوان کی درخواست پراعتراض نہیں کیا۔

جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان کو حاضری سے استثنیٰ دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف پی ٹی وی حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس سمیت 4 مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔