سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، وزیراعظم

Shahid-Khaqan-Abbasi

کوئٹہ: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نیشنل انکوپیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا خوشحال صوبہ بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بہتر پالیسیوں کے باعث ملکی چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور بہت سارے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور کچھ زیر تکمیل ہیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں اور بلوچستان میں 3 جی انٹرنیٹ سروس کیلئے 26 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ای کامرس کے فروغ سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور نئی منتخب حکومت ملکی ترقی کے لیے مؤثر پالیسیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے تسلسل میں ہی پاکستان کی بقا ہے۔