ڈونلڈ ٹرمپ نے ریکس ٹلرسن  کوعہدے سے برطرف کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے سی آئی اے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو نیا سیکریٹری آف اسٹیٹ بنادیا۔

امریکی صدر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سی آئی اے ڈائریکٹر مائک پومپیو اب نئے سیکریٹری آف اسٹیٹ ہونگے اور جینا ہاسپیل نئی سی آئی ڈائریکٹر ہوں گی۔جینا اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

خیال رہے کہ ٹرمپ کی کابینہ میں یہ اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی ہے جس کی توقع گذشتہ سال اکتوبر سے کی جارہی تھی۔

ریکس ٹلرسن اور ٹرمپ کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی منظر عام پر آئی تھیں جس کے بعد  سے ان کو اس عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کے شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات کے حوالے سے کیے گئے فیصلے میں ٹلرسن کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔