عمران خان کے خیالات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتےہیں، سعودی سفیر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعیدالمالکی نے ملاقات کی  اور کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈر کے خیالات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے انتخاب جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان میں انتخابی عمل کی تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا گیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کے اس دورہ سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے، سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی، آئندہ حکومت کے ساتھ بھرپور اور متحرک سفارتی تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا گیا۔

انہوں نے سعودی حکومت خصوصاً فرمانروا کی جانب سے تہنیتی پیغام اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، تحریک انصاف کی حکومت پاک۔سعودی تعلقات کو ایک نئی جہت سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو ہماری خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے۔ ملاقات کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف نے سعودی سفیر کو محبت اور گرمجوشی سے رخصت کیا۔