سپریم کورٹ کی جانب سے ڈیمزکی تعمیر کی فنڈنگ کیلئے ’ایس ایم ایس ‘ سروس متعارف

سپریم کورٹ کی جانب سے دیامر،بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کی فنڈنگ کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کروادی گئی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے فنڈنگ کے لیے ایس ایم ایس  سروس کا آسان طریقہ کار بھی متعارف کرادیا گیا ہے جس کے تحت موبائل صارفین میسج سروس کے ذریعے فی میسج  10 روپے ڈیمز کے اکاؤنٹ میں عطیہ کرسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے  کہ میسج میں ’ڈیم‘ لکھیں اور ’8000‘ پر بھیج دیں۔میسج بھیجنے کے کچھ دیر بعدصارف کو  تصدیقی پیغام بھی موصول ہوگا کہ ’ آپ کا 10 روپے سپریم کورٹ آف پاکستان ڈیم فنڈمیں دینے کا شکریہ ‘۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے ملک میں پانی کی شدید کمی کے پیشِ نظر دیامر بھاشا اور مہند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کرنے کا حکم دیا  تھا۔ چیف جسٹس نے  ڈیم فنڈ میں  10 لاکھ روپے عطیہ بھی کیے۔

سپریم کورٹ کے قائم کردہ فنڈز میں چیف جسٹس پاکستان نے شہریوں سے فنڈز دینے کی اپیل کی ہے جس کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے ملازمین نے ڈیموں کے لیے تنخواہیں دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔