عمران خان خانقاہ میں جاکر کسی پیر کی مریدی کریں، شہباز شریف

ساہیوال: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان خانقاہ میں جاکر کسی پیر کی مریدی کریں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران بھرپورعوامی خدمت کی ہے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کرکے دکھایا ہے۔ 2013 کے مقابلے میں آج برائے نام لوڈشیڈنگ رہ گئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 سال کے دوران 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں اور آج ملک میں بجلی کے اندھیرے ختم ہوچکے ہیں۔ آپ نے 10 سال پنجاب کا خادم اعلیٰ بنائے رکھا ہے اور 10 سال خدمت کی، اب آپ سے کچھ مانگنے آیا ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پہلے جب آپ کے پاس آتا تھا تو کچھ نہ کچھ دینے آتا تھا اور سندھ کےعوام نے کھل کر بات کی زرداری نے کچھ نہیں کیا۔ کراچی میں ہر جگہ کوڑے کے ڈھیر اور ٹرانسپورٹ کا برا حال ہے اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی بسیں کراچی میں چلنے والی بسوں سے بہتر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی طاقت تو ہے لیکن کشکول ہاتھ میں ہے اور عمران خان نے خود تسلیم کیا 5 سال میں 72 میگاواٹ بجلی بنائی ہے۔ اب کہتے ہیں 72 میگاواٹ بجلی بیٹھی ہے اور 72 میگاواٹ بجلی بھی نہ چلا سکے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ان کو یہ نہیں پتہ بجلی سے کیا کیا بنتا ہے اور آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گیا ہے۔ خان صاحب میٹرو کو جنگلہ بس کہتے رہے ہیں اور عمران خان نقلی خان صاحب ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نقلی خان صاحب دن رات جھوٹ بولتے ہیں، نتھیا گلی میں آرام کرتے ہیں اور کے پی میں ڈینگی آتا ہے،عمران خان آرام کرتے ہیں۔ زرداری صاحب کا نظریہ مرسوں مرسوں کام نہ کرسوں  ہے اور عمران خان خانقاہ میں جاکر کسی پیر کی مریدی کریں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کے پی میں کچھ نہیں کیا ہے اور خیبر پختونخوا میں گزشتہ 5 سال میں اسپتال بنے نہ یونیورسٹی۔ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج دیا مربھاشا ڈیم بنانا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھاشا ڈیم بنائیں گے یہ میرا وعدہ ہے اور الیکشن میں تمام جماعتوں کے لیے میدان برابر ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہ ہوا تو قوم الیکشن کے نتائج کو مسترد کردے گی۔