ن لیگ کا ہر جلسہ عمران خان کی جلسی سے بہت بڑا ہے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا ہر جلسہ عمران خان کی جلسی سے بہت بڑا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام الزام اور گالم گلوچ کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے اور الیکشن کے فیصلےعدالتوں میں نہیں ہوتے ہیں۔ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں اور جہاں الیکشن متنازع ہوجائے وہ ملک ترقی نہیں کرتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے آنے والے عوام کی خدمت نہیں کرتے ہیں اور ن لیگ کا ہر جلسہ عمران خان کی جلسی سے بہت بڑا ہے۔ عمران خان یہاں 6 ناکام جلسے کر چکے ہیں اور جمہوریت میں فیصلے کا اختیار صرف عوام کو ہوتا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں آمروں سے کسی قسم کی توقع نہیں ہے اور آج آمر صاحب عدالت کے ڈر سے دبئی میں بیٹھے ہیں۔ نواز شریف وطن آئے اور جمہوریت کی بقا کے لیے جیل گئے اور جمہوریت کے لیے ایک خاتون نے بھی قربانی دی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ جج کی عزت ہے تو سیاستدان کی بھی ہونی چاہیے اور عوامی فیصلوں کو سامنے آنے دو، ملکی ترقی کو نہ روکو۔ مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کھڑی ہے اور مسلم لیگ ن نے ریکارڈ توڑ کام کیے ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روز گار ایک ارب درخت لگانے والا نہیں دے سکتا ہے اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے معیشت کی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ آپ کے ووٹ سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ آج حکومت کو مفلوج کر دیا گیا ہے اور ہم نے فاٹا کا 70 سال پرانہ مسئلہ 3 ہفتے میں حل کیا ہے۔