شہبازشریف نے پان کے بہانے اہلیان کراچی کی توہین کی، مولابخش چانڈیو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے پان کے بہانے اہلیان کراچی کی توہین کرکے اپنی ذہنی کیفیت بیان کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ شہبازشریف بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے اور چھوٹے میاں گانے گا کر بہت کچھ چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف “تم اتنا جو مسکرا رہے ہو کیا غم چھپا رہے ہو” اور آشیانہ جیسے مقدمات نے چھوٹے میاں کے اوسان خطا کر دیے ہیں۔ پان کا بہانے اہلیان کراچی کی توہین کرکے اپنی ذہنی کیفیت بیان کردی ہے۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو سیاست کرنے کا حق ہے، عوام کی توہین کرنے کا نہیں ہے اور چھوٹے میاں مکافات عمل اور قدرت کے انتقام کا شکار ہیں۔ ابھی تو تحقیقات چل رہی ہیں، املاک سیل ہوئیں نہ اکاؤنٹ فریز ہوئے ہیں اور ترقی کے نام پر کرپشن کے بانی نواز اور شہباز شریف اب بھگتیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آپ کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوےعوام دیکھ چکے ہیں اور ابھی پھر سے آپ کراچی کے لوگوں سے نئے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام آپ کے جھوٹے دعوؤں کو جان چکے ہیں۔