ملک میں دہشتگردی ہو رہی ہے، نگراں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی، سراج الحق

راولپنڈی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشتگردی ہو رہی ہے، نگراں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا لیاقت باغ میں ایم ایم اے کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابات بر وقت ہونے چاہئیں اور ملک میں دہشتگردی ہو رہی ہے، نگراں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سازشوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور حصوں میں تقسیم کیا ہے، مستونگ، بنوں اور سانحہ پشاور پر قوم افسردہ ہے۔ دشمن نے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے اور حالات جیسے بھی ہوں ہمیں آگے بڑھنا ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے اور پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں بنا ہے۔ ہم خوشحال پاکستان دکھانا چاہتے ہیں اور عوام کی وجہ سے آج پاکستان قائم و دائم ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوامی فیصلوں کو قبول کیا جائے، عوام ہی اصل وارث ہیں اور قوم اعتماد کے ساتھ 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں، ایم ایم اے کا ایجنڈا ذاتی نہیں پوری قوم کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دینا چاہتے ہیں اور سب سے زیادہ پسہ تعلیم پر خرچ کریں گے۔