اپوزیشن کا صدارتی امیدوار کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا، شاہدخاقان عباسی

لاہور: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کئی جماعتوں پرمشتمل ہے اور ابھی تک صدارتی امیدوارپر  اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کئی جماعتوں پرمشتمل ہے اور سب کی اپنی رائے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اپوزیشن جماعتیں صدارتی امیدوار  کے نام پر متفق نہیں ہوسکی ہیں لیکن ن لیگ کل صدارتی انتخاب میں بھرپورحصہ لے گی۔

شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام میں تبدیلی آتی رہتی ہیں مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ تبدیلی آتی کیا ہے کیوں کہ نظام کوتبدیل کرنےکی کوئی وجہ ہونی چاہیے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صدارتی کرسی کے  تینوں امیدوار خود کو اہل سمجھتے ہیں اور اپنی کارکردگی پرکھڑے ہیں اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں ہم نے کام چھوڑا نئی حکومت اسے آگے بڑھائے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 سے شاہدخاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔