کم جانگ ان سے ملاقات اس ماہ ممکن نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور  شمالی کوریاکے سپریم لیڈر کم جانگ ان کی آئندہ ماہ سنگاپور میں  ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ملاقات آئندہ ماہ ممکن نہیں۔

گذشتہ روز وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدرمون جے ان نے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی۔ملاقات میں کم جانگ ان اور ٹرمپ کے مابین آئندہ ماہ ہونے والی ملاقات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

جنوبی  کوریا کے صدر سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ شمالی کوریا کے صدر سے طے شدہ ملاقات شاید نہ ہوسکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم بعض شرائط شمالی کوریا سے منوانا چاہتے ہیں، ان کے خیال میں وہ اپنی شرائط منوا لیں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو کم جانگ ان سے ملاقات بھی نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ کم جانگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات طے ہے۔

حال ہی میں امریکی اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا نے اعتراض اٹھاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے کم جانگ ان کی ملاقات کی منسوخی کا عندیہ دیا تھا۔