کم جونگ ان کو امریکہ آنے کی دعوت دے سکتا ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ سے اگلے ہفتے سنگا پور میں طے شدہ ملاقات اچھی رہی تو وہ انھیں امریکہ آنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو امریکہ آنے کی دعوت دے سکتے ہیں‌۔

صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ شمالی کوریا کے حوالے سے ’زیادہ دباؤ‘ کی اصطلاح استعمال نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ دوستانہ بات چیت کے لیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن ہے کہ کوریائی جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ ممکن ہو جائے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بہت سی پابندیاں ہیں جو وہ شمالی کوریا کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں تاہم وہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ معاہدے کا امکان موجود ہے۔