ٹرمپ کا ’ یو ٹرن ‘ ،شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات پر پھر آمادہ

Donald-Trump-2 (1)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ’ یو ٹرن‘ لیتے ہوئے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے ملاقات سے انکار کرکے ایک بار  پھر  آمادگی کا اظہار کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر  جاری اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے  کہا، ’شمالی کوریا سے سربراہ ملاقات کے حوالے سے مثبت رابطے اور بات چیت ہوئی ہے، اگر یہ ملاقات ہوئی تو 12 جون کو سنگاپور میں ہی ہوگی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ملاقات 12 جون کے بعد بھی ہوسکتی ہے‘۔

خیال رہے کہ  کہ ایک روز قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ 12 جون کو ہونے والی سربراہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کے نام لکھے گئے خط میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ اس ملاقات کے لیے بہت پرجوش تھے، لیکن شمالی کورین رہنما کی جانب سے دیئے گئے چند حالیہ بیانات کی وجہ سے انہیں لگتا ہے کہ یہ وقت اس ملاقات کے لیے مناسب نہیں ہے۔

شمالی کوریا کی حکومت نے ٹرمپ کے اس بیان پر اعلان کیا تھا کہ کم جونگ ان، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی سربراہ ملاقات کی منسوخی کے باوجود امریکا سے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ وہ کسی بھی صورت میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہیں۔