ڈونلڈ ٹرمپ کی گوگل پر تنقید

واشنگٹن : امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس گوگل، ٹوئٹر اور فیس بک کے معتصابانہ رویے پر انھیں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تکلیف دہ حدود میں داخل ہو رہی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گوگل میں ’ٹرمپ نیوز ‘ کو سرچ کیا جائے تو وہ صرف جعلی نیوز میڈیا کی خبریں دکھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے الفاظ میں یہ مجھے اور دیگر کے لیے دھاندلی شدہ ہے اور تقریباً تمام اسٹوریز اور خبریں بری ہیں، جعلی سی این این نمایاں ہے، ری پبلکن/کنزرویٹو میڈیا بند ہے، غیرقانونی؟

اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ گوگل اور دیگر قدامت پسندوں کی آواز اور معلومات چھپا رہے ہیں اور جو اچھی خبر ہے اس کو دبا رہے ہیں، وہ جو ہم دیکھ اور دیکھ نہیں سکتے اس کو کنٹرول کررہے ہیں، یہ ایک بڑی خطرناک صورت حال ہے۔

دوسری جانب گوگل کا کہنا ہے کہ اُس کے سرچ انجن کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے اور نہ ہی کسی سیاسی نظریے کے بارے میں تعصب رکھتے ہیں۔