پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر ٹی20سہ فریقی سیریز جیت لی

ہرارے: پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فخرزمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 91 رنز کی اننگ کھیلی۔

زمباوے کے شہر ہرارے میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز کا فائنل میچ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر183رنزبنائے اور جیت کے لیے شاہینوں کو 184 رنز کا ہدف دیا تھا ۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحب زادہ فرحان نے اننگ کا آغاز کیا ۔ اوپنر بلے باز صاحب زادہ فرحان بغیر کوئی اسکور کیے پویلین لوٹ گئے۔ جب کے فخرزمان بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 91 رنزکی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی دوسری گیند پر 184 رنز کا ہدف حاصل کرکے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے شعیب ملک 43 رنز، اور آصف علی 17رنز بناکر حریف ٹیم کے لیے ناقابل تسخیر ثابت ہوئے۔ حسین طلعت 0 اور سرفراز احمد 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کینگروز کی نمائندگی کرتے ہوئے گیلن میکس ویل نے 2 اور جہیہ رچرڈسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ کے ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ پہلے باؤلنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ صاحبزادہ فرحان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے، تاہم ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اپنا روایتی کھیل پیش کریں۔

آج کے اہم میچ میں چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان نے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔

شاہینوں کے اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، شعیب ملک، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، صاحبزادہ فرحان ، فہیم اشرف، محمد عامر حسن علی اور شاہین آفریدی شامل تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہرارے میں گرین شرٹس اور آسٹریلیا کے مابین پہلے میچ میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ دوسرا میچ پاکستان نے اپنے نام کیا تھا ۔