پاک فوج نے ہنزہ میں التر چوٹی پر پھنسے غیرملکی کوہ پیماؤں کو بچالیا

ہنزہ : پاک آرمی کے پائلٹس نے ہنزہ میں الترسرچوٹی میں پھنسے 3 غیرملکی پیماؤں میں سے 2 کو بچالیا جبکہ ایک کوہ پیما ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہنزہ التر چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے 3 غیرملکی کوہ پیما 19 ہزار فٹ کی بلندی پر پھنس گئے تھے ۔ سخت سردی اور آکسیجن کی کمی کے باعث آسٹرین کوہ پیما برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا ۔ جب کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیماؤں کو پاک آرمی کے جوانوں نے بچالیا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ پاک فوج کے پائلٹس نے ہنزہ کے نزدیک چوٹی پر پھنسے تین کوہ پیماؤں کو ریسکیو کر لیا ہے۔ تینوں کوہ پیما التر سر چوٹی پر انیس ہزار فٹ کی بلندی پر پھنس گئے تھے جن میں سے آسٹرین کوہ پیما کرسچین ہبر ہلاک ہوگیا جبکہ برطانوی کوہ پیما ٹموتھی ملر اوربروس نورمنڈ خیریت سے ہیں۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ہنزہ ڈاکٹر انیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے کوہ پیماکی لاش اور دونوں برطانوی کوہ پیماؤں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے گلگت منتقل کردیا گیا ہے۔