امریکا کا اعلیٰ سطح وفد مذاکرات کیلئے شمالی کوریا پہنچ گیا،ٹرمپ کی تصدیق

بیانگ یانگ:امریکا کا اعلیٰ سطح وفد مذاکرات کیلئے شمالی کوریا پہنچ گیا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کرتے ہوئے شمالی کوریا کی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سنگاپورمیں 12جون کو امریکا اور شمالی کوریا کے صدور کے درمیان تاریخی  ملاقات ہونے جارہی ہے۔

ملاقات کی تیاریوں کیلئے امریکا کا اعلی سطح وفد شمالی کوریا پہنچ چکا ہے،وفد کی قیادت جنوبی کوریا میں تعینات سابق امریکی سفیر کررہے ہیں ۔

امریکی وفد کا استقبال شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ چوئی سن ہوئی نے کیا،وفود کے درمیان بارہ جون کو ہونے والی سمٹ کے طریقہ کار پر گفتگو کی جائے گی ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں امریکی وفد کی شمالی کوریا روانگی کی تصدیق کی اور کہا شمالی  کوریا کے عوام میں بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور شمالی کوریا ایک دن معاشی قوت بن سکتا ہے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلےملاقات منسوخ کردی تھی تاہم وہ اب ایک بارپھر شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن سے ملاقات کیلئے پرعزم ہیں۔