بلوچستان میں حکومت ہم بنا رہے ہیں، فارمولا وہاں کے نمائندے طے کریں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حکومت ہم بنا رہے ہیں، فارمولا وہاں کے نمائندے طے کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں 180 سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے اور پنجاب میں ہمارے نمبرز 185 سے تجاوز کرچکے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی سے مذاکرات ہوچکے ہیں اور بلوچستان نیشنل پارٹی سے چل رہے ہیں۔ بلوچستان میں حکومت ہم بنارہے ہیں، فارمولا وہاں کے نمائندے طے کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 14 اگست سے پہلے حکومت سازی کے معاملات طے ہونا مشکل ہے۔

وفاق، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنائیں گے، جہانگیر ترین

میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ وفاق، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ این اے 205 سے منتخب آزاد امیدوار علی محمد مہر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں اور آج میرے ساتھ کھڑے ہیں، مجھے خوشی ہے۔ علی محمد مہر کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ ارکان کی حمایت حاصل ہے اور حکومت بنانے کے لیے درکار نمبر سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ وفاق، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنائیں گے اور سندھ میں حکومت سازی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 28 میں سے 25 ایم پی ایز پی ٹی آئی جوائن کرچکے ہیں اور 13 میں سے 9 ایم این ایز پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلم بھوتانی ایوان میں پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے اور شاہ زین بگٹی سے بات ہوئی ہے، ملاقات متوقع ہے۔