ملک میں دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے ، آرمی چیف

وزیرستان : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں ہماری کامیابی کے ثمرات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر ہم ملکر دہشت گردی کو پنپنے نہیں دیں گے۔

 پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کوعلاقےمیں امن واستحکام اور پاک افغان سرحد پرباڑلگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے شمالی اورجنوبی وزیرستان  کے قبائلی عمائدین سےخطاب کیا اور فاٹا انضمام کے لیے قبائلی عمائدین کی کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیرستان میں بڑے پیمانے پرامن بحال ہوچکا ہے۔ حال ہی میں کچھ بارودی سرنگیں پھٹنے کے واقعات پیش آئے جن سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں آپریشنز کے بعد معمولات زندگی  بحال کرنے کے لیے ترقیاتی کام کرنا بہت ضروری ہیں۔

 پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اورترقیاتی کام ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں، ہم سب مل کر ملک میں دوبارہ دہشتگردی کو پنپنےنہیں دیں گے۔

 آرمی چیف نے کہا کہ وزیرستان میں مکمل استحکام تک آپریشن جاری رہےگا۔ انھوں نے کہا دہشت گردوں کی نقل و حرکت کوروکنے کے لیے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا عمل جاری ہے اور سرحدی علاقوں میں قیام امن تک آپریشنزجاری رہیں گے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہم بدامنی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔ دشمن قوتیں ہماری کامیابی کے ثمرات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر ہم دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔