جہاں ٹیم منیجمنٹ استعمال کرے گی وہاں خوش ہوں، شاداب خان

لاہور: قومی ٹیم کے کرکٹر شاداب خان کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کے لیے فٹنس ٹیسٹ اچھا رہا ہے اور جہاں ٹیم منیجمنٹ استعمال کرے گی وہاں خوش ہوں۔

پاکستان ٹیم کے کرکٹر شاداب خان کے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ فٹنس ٹیسٹ اچھا رہا ہے زمبابوے، آسٹریلیا کے خلاف تیاریاں جاری ہیں اور میری کوشش ہوتی ہے بہتر پرفارمنس دوں۔ دعا ہے کہ یاسر شاہ بھی بہترین پرفارمنس دیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ دورہ اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ سے بہت فائدہ ہوا ہے اور جہاں ٹیم منیجمنٹ استعمال کرے گی وہاں خوش ہوں۔ آل راؤنڈر سلیکٹ ہوا تھا، کوشش ہے بیٹنگ میں بھی کارکردگی دکھاؤں۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان کا کہنا تھا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے زیادہ کھیلی ہیں پریشانی نہیں ہوگی اور یاسرشاہ سینئر ہیں، دعا ہے وہ مین آف دی سیریز ہوں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے دورہ زمبابوے کے تربیتی کیمپ کا آ غاز قذافی اسٹیڈیم میں کل سے ہوگیا ہے۔ کیمپ کے ابتدائی روز کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق دورہ زمبابوے کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں لگنے والے تربیتی کیمپ کے پہلے روز قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے تھے۔  قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ کلیئرکرلئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کپتان سرفرازاحمد، شعیب ملک، فہیم اشرف، آ صف علی، حسین طلعت، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور محمد حفیظ نے فزیکل ٹیسٹ کلیئر کیے ہیں۔

گزشتہ دنوں پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف ٹیم کے 15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ قومی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کو سپرد کی گئی تھی جبکہ ٹیم میں فخرزمان، محمد حفیظ، شیعب ملک، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان  شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا اور زمبابوے کے ساتھ تین ملکوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے جولائی میں زمبابوے کا دورہ کرے گی۔  تینوں ملکوں کی ٹیمیں ہر ٹیم کے ساتھ دو دو میچ کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیمیں 8 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔ یہ تمام میچ ہرارے سپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔

تین ملکوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلیں گے۔ یہ ایک روزہ میچ بولاوائیو کے کوئینز سپورٹس کلب گراؤنڈ پر ہوں گے۔ یہ ون ڈے میچ 13 سے 22 جولائی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا جب پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔