صدر ٹرمپ کی کِم جونگ اُن سے کوئی ملاقات طے نہیں ہے : وائٹ ہاوس

White-House

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے کوئی ملاقات طے نہیں ہے جبکہ خود صدر کا کہنا ہے کہ وہ کِم کے ساتھ جلد ایک ملاقات میں مل بیٹھنے کو تیار ہیں۔

انھوں نے جمعرات کو اس ٹویٹ میں 1950-53ء میں لڑی گئی کوریا جنگ کے دوران میں ہلاک شدہ پچاس سے زیادہ امریکی فوجیوں کی باقیات بھیجنے پر شمالی کوریا کے لیڈر کا شکریہ ادا کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’ مجھے آپ کے جذبہ خیر سگالی کے تحت کیے گئے اس اقدام پر حیرت نہیں ہوئی ۔میں آپ کے خط کا بھی شکر گزار ہوں اور بہت جلد آپ سے ملاقات کا متمنی ہوں‘‘۔

مزید پڑھیے : شمالی کوریا سے امریکی فوجیوں کی باقیات ہوائی پہنچادی گئیں

بعد میں وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان سارہ سینڈرس نے اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران میں کہا ہے کہ دونوں صدور کے درمیان ابھی دوسری ملاقات طے نہیں پائی ہے۔صدر ٹرمپ یقینی طور پر تبادلہ خیال کے لیے تیار ہیں ۔وہ کِم کے خط کا بہت جلد جواب دیں گے، انھیں یہ خط بدھ کو موصول ہوا تھا۔