مجھےکیوں نکالا اور طالبان کا بچھڑا بھائی نہیں چاہیے، بلاول بھٹو

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مجھے کیوں نکالا اور طالبان کا بچھڑا بھائی نہیں چاہیے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا نثار کھوڑو کی رہائشگاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب بھی لاڑکانہ آتا ہوں تو بہت خوش ہوتا ہوں اور 2018 کے الیکشن قریب ہیں میں چاہتا ہوں ہر کارکن ملکر کام کرے۔

چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور میں عوام کو روز گار دیے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بہت اچھا پروگرام ہے۔ ہمیں پاکستان کی غریب عوام کے لیے بہت کام کرنے ہیں اور لاڑکانہ کی عوام نے ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کو وزیراعظم بنایا تھا۔

پیپلزپارٹی کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ مجھے کیوں نکالا اور طالبان کا بچھڑا بھائی نہیں چاہیے جبکہ پاکستان کے خلاف بہت سازشیں ہو رہی ہیں۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی ملک کے دشمنوں کو جواب دینا نہیں جانتی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے دشمنوں کو جواب صرف پیپلز پارٹی ہی دے سکتی ہے اور 2018 کے الیکشن میں آپ سب کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں گے، غربت کا خاتمہ کریں گے اور ہر پاکستانی کو تعلیم دلائیں گے، مفت علاج کروائیں گے۔