دنیا کا سب سے بڑا مسافربردار طیارہ اسلام آباد میں لینڈ کرگیا

اسلام آباد:  دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ اے 380 اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے مسافربردار طیارے اے 380 نے پہلی بار اسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈنگ کی جہاں اسے واٹرسلیوٹ دیا گیا۔

دبئی سے پہنچنے والے ڈبل ڈیکرطیارے میں 650 مسافرتھے، طیارے سے مسافروں کواتارنے کے لیے2 بورڈنگ برجز لگائے گئے۔

قابل ذکر یہ ہے کہ پاکستان کے 42 ہوائی اڈوں میں اس طرح کے بڑے طیارے کے لینڈ کرنے کی سہولت میسر نہیں تھی۔ اس طیارے میں مسافروں کو جدید ترین سفری سہولیات میسر ہیں، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا مسافربردار طیارہ 950 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پروان بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں 800 سے زائد افراد کو بیک وقت سوار کرنے کے لیے 2 منزلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

یہ فور انجن جیٹ ایئر لائنر یورپی مینوفیکچرر ’ایئر بس‘ نے بنایا ہے، اس طیارے کے پروں کا پھیلاؤ ایک فٹ بال گراؤنڈ جتنا ہے جب کہ اس کی لمبائی دو بلیو وھیل مچھلیوں جتنی ہے۔